
صدر مملکت آصف علی زرداری کا غربت کے خاتمے، سماجی تحفظ کے فروغ اور بنیادی سہولیات تک مساوی رسائی یقینی بنانے پر زور
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری نے معاشی مشکلات کا شکار خاندانوں کے تحفظ اور ہر شہری کو بنیادی ضروریات زندگی اور بہتر مستقبل کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ غربت کے خاتمے کے لیے سماجی تحفظ کو مضبوط بنانے، روزگار کے مواقع بڑھانے اور تعلیم، صحت اور مناسب رہائش تک رسائی بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات ناگزیر ہیں۔
غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ غربت پر قابو پانے کے لیے مربوط اور مستقل کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے کے کمزور طبقات کو معاشی مشکلات سے محفوظ رکھا جا سکے اور انہیں باعزت زندگی گزارنے کے مواقع میسر آئیں۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) پاکستان میں غربت کم کرنے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ پروگرام بالخصوص خواتین سمیت معاشی مشکلات سے دوچار خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرکے انہیں بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مدد دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت میں طویل مدتی کمی کے لیے ایسے امدادی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ خاندانوں کو اپنے ذرائع معاش بہتر بنانے کے قابل بنانا بھی ضروری ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے اس سال غربت کے خاتمے کے عالمی دن کا موضوع ’’سب کے لیے محفوظ گھر‘‘ پاکستان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ 2022 کے تباہ کن سیلاب نے لاتعداد خاندانوں کو ان کے گھروں، روزگار اور نسلوں کی محنت سے جمع کیے گئے اثاثوں سے محروم کر دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ان خاندانوں کی مشکلات کو فراموش نہیں کر سکتے، خصوصاً بزرگوں، خواتین اور بچوں کو جنہیں اچانک چھت اور رہائش سے محرومی کا سامنا کرنا پڑا۔
صدر مملکت نے سندھ حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز (ایس پی ایچ ایف) پروگرام شروع کیا، جس کے تحت متاثرہ خاندانوں کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات برداشت کرنے والے 21 لاکھ مکانات تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت لاکھوں گھر مکمل ہو چکے ہیں جبکہ صوبے بھر میں تعمیر نو کا عمل جاری ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ تھرپارکر جیسے علاقوں میں ترقی کا جائزہ اس بنیاد پر لیا جانا چاہیے کہ اس سے مقامی آبادی کی زندگیوں میں کس حد تک بہتری آتی ہے۔ صاف پینے کے پانی، تعلیم، صحت کی سہولیات اور روزگار کے قابل اعتماد مواقع تک رسائی معاشی مشکلات کا سامنا کرنے والے خاندانوں کے لیے حقیقی تبدیلی لا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کے ثمرات عام شہریوں تک پہنچنے چاہئیں تاکہ لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری آئے اور وہ اپنے اور اپنے خاندانوں کے بہتر مستقبل کے لیے زیادہ مواقع حاصل کر سکیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے متعارف کرائی گئی زرعی اصلاحات اور مزدوروں سے متعلق اقدامات معاشی عدم مساوات کم کرنے اور مزدوروں و مزارعین کی حیثیت بہتر بنانے کی کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ تاریخ اس امر کی یاد دہانی بھی کراتی ہے کہ معاشی ترقی کے فوائد عام شہریوں تک پہنچانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھریلو اخراجات پورے کرنے کے لیے جدوجہد کرنے والے خاندانوں کے لیے بچوں کی تعلیم جاری رکھنا، ضروری طبی سہولیات حاصل کرنا اور مناسب رہائش کا انتظام کرنا بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ غربت کے خاتمے کی کوششوں میں ان روزمرہ مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضرورت مند افراد کو عملی معاونت فراہم کی جانی چاہیے۔
صدر مملکت نے کہا کہ غربت میں کمی کے لیے مؤثر سماجی تحفظ، باعزت روزگار اور بنیادی سہولیات تک منصفانہ رسائی یقینی بنانے کی کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔ ہر خاندان کو اپنے حالات بہتر بنانے اور محفوظ مستقبل کی تعمیر کے لیے حقیقی مواقع ملنے چاہئیں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر صدر آصف علی زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کا خواب ایسا پاکستان ہے جہاں کوئی بچہ بھوکا نہ سوئے، کوئی ماں اپنے خاندان کے مستقبل کے حوالے سے خوف زدہ نہ ہو، کوئی بزرگ معاشی مشکلات میں بے سہارا نہ چھوڑا جائے اور کسی نوجوان کو بہتر زندگی بنانے کے موقع سے محروم نہ رکھا جائے۔