
بنگلہ دیش کی بقاء شیخ حسینہ کی قیادت پر منحصر نہیں، مفرور وزیراعظم کو واپس لانا ہوگا: ڈاکٹر محمد یونس
ڈھاکہ، یورپ ٹوڈے: بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی بقاء صرف شیخ حسینہ کی قیادت سے مشروط نہیں ہے اور یہ دعویٰ بے بنیاد ہے کہ ان کے بعد ملک افغانستان جیسی صورتحال سے دوچار ہو جائے گا۔
ڈاکٹر یونس نے اتوار کو بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا کہ بنگلہ دیش کا استحکام شیخ حسینہ کے اقتدار سے وابستہ ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر معزول وزیراعظم شیخ حسینہ کو مفرور قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان میں رہ کر بیان بازی سے گریز کریں اور خاموشی اختیار کریں۔
مزید برآں، ڈاکٹر یونس نے ملک میں ہندوؤں پر حالیہ حملوں کو فرقہ وارانہ نہیں بلکہ سیاسی نوعیت کے قرار دیا اور ہندوستان کے اس حوالے سے اختیار کردہ بیانیے کو بے بنیاد اور غلط قرار دیا۔