ڈھاکہ

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان انسدادِ منشیات تعاون کے لیے اہم معاہدہ، مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق

Read Time:2 Minute, 1 Second

ڈھاکہ، یورپ ٹوڈے: وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی نے ہفتہ کے روز ڈھاکہ میں اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب صلاح الدین احمد سے ملاقات کی، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان منشیات اسمگلنگ اور نشہ آور اشیاء کے استعمال کی روک تھام کے لیے تعاون بڑھانے کے مقصد سے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور بنگلہ دیش کی وزارتِ داخلہ کے درمیان سیکریٹری سطح پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا، جو سرحد پار منشیات کی غیر قانونی نقل و حرکت، فروخت اور ترسیل کی روک تھام کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی مرتب کرے گا۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک منشیات کی غیر قانونی ترسیل اور اسمگلنگ روکنے، اسمگلنگ نیٹ ورکس سے متعلق بروقت انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور منشیات کی سپلائی چینز کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔ دونوں فریقین نے منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اس کے منفی سماجی اثرات کے تدارک کے لیے بھی باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مفاہمتی یادداشت پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے محسن نقوی جبکہ حکومتِ بنگلہ دیش کی جانب سے صلاح الدین احمد نے دستخط کیے۔

معاہدے میں انسدادِ منشیات کے شعبے میں اہلکاروں کی تربیت، بہترین تجربات کے تبادلے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے کارروائیوں کو مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے سیف سٹی منصوبے کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

دونوں ممالک نے داخلی سلامتی، سول آرمڈ فورسز کی تربیت، انسدادِ دہشت گردی اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سائبر کرائم، منظم جرائم اور مالیاتی فراڈ کے خلاف تعاون کے فروغ پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں مشترکہ انسدادِ دہشت گردی اقدامات اور پولیس اکیڈمیوں کے درمیان تعاون بڑھانے سمیت افسران کے لیے خصوصی تربیتی پروگراموں کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جبکہ صلاح الدین احمد نے سیف سٹی منصوبے میں تعاون کی پیشکش پر شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں بنگلہ دیش کے سیکریٹری خارجہ اسد عالم سیام، کابینہ سیکریٹری نسیم الغنی، ہوم سیکریٹری منظور چوہدری اور بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر بھی موجود تھے۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
پاکستان Previous post معرکۂ حق کے بعد پاکستان عالمی سطح پر ایک مؤثر اور ابھرتا ہوا کردار بن کر سامنے آیا ہے: عاصم افتخار
پاکستان Next post معرکۂ حق نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور قومی اتحاد کو دنیا پر واضح کر دیا: صدر مملکت