نیپرا

نیپرا کے نئے پروزیومر ریگولیشنز 2026: وزیراعظم شہباز شریف کا نوٹس، موجودہ سولر صارفین کے معاہدوں کے تحفظ کی ہدایت

اسلام آباد،یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کے روز نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری کردہ نئے پروزیومر ریگولیشنز 2026 کا نوٹس لیتے ہوئے پاور ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ وہ موجودہ سولر صارفین کے معاہدوں کے تحفظ کے لیے فوری طور پر نیپرا میں اپیل دائر کرے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق، وزیراعظم نے نیپرا کے نئے ضوابط سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی خصوصی اجلاس کی صدارت کی، جس میں انہیں مجوزہ اقدامات اور ان کے ممکنہ اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے سولر توانائی سے مستفید ہونے والے 4 لاکھ 66 ہزار صارفین کا بوجھ قومی گرڈ سے بجلی استعمال کرنے والے 3 کروڑ 76 لاکھ صارفین پر منتقل نہ ہو۔

انہوں نے پاور ڈویژن کو ہدایت دی کہ اس معاملے پر ایک جامع اور متوازن حکمتِ عملی مرتب کی جائے تاکہ توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات کو یقینی بنایا جا سکے اور تمام صارفین کے مفادات کا تحفظ ہو۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، سردار اویس خان لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر برائے نجکاری محمد علی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے عمل کو شفافیت، مساوات اور عوامی مفاد کے اصولوں کے تحت آگے بڑھائے گی تاکہ ملک میں بجلی کے نظام کو مزید مؤثر اور پائیدار بنایا جا سکے۔

آذربائیجان Previous post آذربائیجان فوڈ سیفٹی ایجنسی کے وفد کا ازبکستان کا دورہ جاری، تجربات کا تبادلہ
ویتنام Next post ویتنام میں سمندر پار ڈرون کے ذریعے ڈاک کی ترسیل کا آغاز، لاجسٹکس شعبے میں نئی پیش رفت