
طارق رحمان بنگلہ دیش کے نئے وزیرِاعظم مقرر، حلف اٹھا لیا
ڈھاکہ،یورپ ٹوڈے: طارق رحمان نے منگل کے روز بنگلہ دیش کے نئے وزیرِاعظم کے طور پر حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب دارالحکومت ڈھاکہ میں منعقد ہوئی جہاں بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے ان سے اور نئی کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریب میں مجموعی طور پر 25 وفاقی وزراء اور 24 وزرائے مملکت نے بھی اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ اس سے قبل بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی پارلیمانی پارٹی نے 12 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد طارق رحمان کو اپنا پارلیمانی لیڈر منتخب کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نتائج کے مطابق بی این پی نے قومی اسمبلی کی 13ویں پارلیمنٹ میں 209 نشستیں حاصل کیں، جس کے بعد جماعت کو حکومت سازی کے لیے واضح اکثریت حاصل ہوگئی۔
یہ انتخابات اگست 2024 میں سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ کے ملک گیر سیاسی بے چینی کے دوران مستعفی ہونے کے بعد منعقد ہونے والے پہلے عام انتخابات تھے، جنہیں ملکی سیاست میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔