
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ
کولمبو،یورپ ٹوڈے: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے گروپ 2 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا اہم میچ مسلسل بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
یہ میچ سری لنکا کے شہر کولمبو میں واقع آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا، تاہم اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میں بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ خراب موسم اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث امپائرز نے میچ کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔
میچ کے آغاز کے لیے آخری کٹ آف ٹائم رات 9 بج کر 46 منٹ مقرر تھا۔ قوانین کے مطابق پانچ، پانچ اوورز پر مشتمل میچ کے انعقاد کے لیے ضروری تھا کہ کھیل مقررہ وقت تک شروع ہو جاتا، تاہم موسلا دھار بارش کے باعث اس سے قبل ہی میچ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، لیکن ٹاس کے فوراً بعد بارش شروع ہو گئی جو وقفے وقفے سے جاری رہی اور کھیل ممکن نہ ہو سکا۔
پاکستانی ٹیم میں خواجہ نافع کی جگہ فخر زمان کو شامل کیا گیا تھا۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، شاداب خان، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، سلمان مرزا اور عثمان طارق شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کپتان مچل سینٹنر، ٹم سیفرٹ، فن ایلن، راچن رویندرا، گلین فلپس، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، جمی نیشم، میٹ ہینری، ایش سوڈھی اور لوکی فرگوسن پر مشتمل تھی۔
میچ کی منسوخی کے بعد گروپ 2 کی پوائنٹس ٹیبل میں دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا، جس سے سپر ایٹ مرحلے میں سیمی فائنل تک رسائی کی دوڑ مزید سنسنی خیز ہو گئی ہے۔