
شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کی پورے فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین، قوم کا عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت
مانسہرہ،یورپ ٹوڈے: پاک فوج کے بہادر افسر شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کو مانسہرہ میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نمازِ جنازہ میں اہلِ خانہ، اعلیٰ فوجی افسران، جوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
شہید افسر نے سوگواران میں اہلیہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑے ہیں۔ نمازِ جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، جبکہ شرکا نے شہید کی وطن کے لیے خدمات اور قربانی کو سراہا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کی جرات، بہادری اور عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی مقروض ہے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
واضح رہے کہ بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور ایک سپاہی جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق فورسز کی جوابی کارروائی میں پانچ خوارج ہلاک کر دیے گئے، جبکہ بروقت اور مؤثر آپریشن کے ذریعے بنوں کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔