
وزیراعظم شہباز شریف کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا عزم
لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کے باوجود اس مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے ذریعے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ فیصلہ عام آدمی پر بوجھ کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی کمٹمنٹ کے مطابق حکومت موجودہ مشکل حالات میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی معیشت اس وقت دباؤ کا شکار ہے، جس کے پاکستان کی معیشت پر بھی نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بروقت پالیسی سازی، حکومتی بچت کے اقدامات اور مالیاتی نظم و ضبط کے ذریعے اس صورتحال سے بہترین انداز میں نمٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایک خادم کے طور پر انہوں نے عزم کیا ہے کہ ان مشکل حالات میں عوام خصوصاً غریب طبقات پر بوجھ کم کرنے کا آغاز ملک کے اشرافیہ طبقے اور حکومت سے کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کے کفایت شعاری اقدامات کے ساتھ صوبائی حکومتیں بھی ان کوششوں میں بھرپور تعاون کر رہی ہیں، جو خوش آئند امر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل اور سفارتی و معاشی ٹیموں کی کاوشوں کے باعث ملک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے خام تیل کی وافر مقدار دستیاب ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مشترکہ طور پر اس امر کو یقینی بنا رہی ہیں کہ کوئی بھی شخص حکومت کی مقرر کردہ قیمتوں سے زیادہ نرخ وصول نہ کرے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی سطح پر حالات میں بہتری آئے گی اور بین الاقوامی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام پیدا ہوگا۔