
دبئی ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملہ، آگ پر قابو؛ پروازیں عارضی طور پر معطل
دبئی، یورپ ٹوڈے: دبئی ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملے کے باعث لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، جبکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر دبئی آنے والی پروازوں کو عارضی طور پر فضا میں ہی روک دیا گیا۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ایک ڈرون نے ایئرپورٹ کے قریب ایندھن کے ٹینک کو نشانہ بنایا، تاہم خوش قسمتی سے اس حملے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد دبئی ایئرپورٹ کی طرف آنے والی متعدد پروازوں کو عارضی طور پر فضا میں روک دیا گیا، جبکہ عالمی فلائٹ مانیٹرنگ ویب سائٹ نے بھی متاثرہ پروازوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے احتیاطی اقدام کے طور پر دبئی ایئرپورٹ سے پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔ حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پروازوں کے شیڈول کے بارے میں تازہ معلومات کے لیے متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔
ایئرلائنز کی جانب سے مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فی الحال دبئی ایئرپورٹ نہ آئیں اور مزید ہدایات کا انتظار کریں۔ حکام کے مطابق صورتحال بہتر ہونے تک پروازوں کی معطلی برقرار رہ سکتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایران نے دبئی اور دوحہ کے بعض علاقوں میں ممکنہ حملوں کے حوالے سے انتباہ جاری کیا تھا۔ ایران کے میڈیا آپریشنز سینٹر نے خبردار کیا تھا کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران ممکنہ حملوں کے پیش نظر دبئی اور دوحہ کے مخصوص علاقوں کے رہائشی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بعض علاقوں کو خالی کر دیں۔