
6.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے، جڑواں شہروں سمیت خیبرپختونخوا اور پنجاب میں محسوس
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: جمعہ کی رات 6.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی سمیت خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا، تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ رات 9 بج کر 13 منٹ پر آیا، جس کی گہرائی 190 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز افغانستان کے ہندوکش کے علاقے میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، چترال، پشاور، سوات، شانگلہ اور دیگر علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ جبکہ ریاستہائے متحدہ جیولوجیکل سروے کے مطابق افغانستان کے شہر جرم کے جنوب میں 5.8 شدت کا زلزلہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔
شدید جھٹکوں کے باعث اسلام آباد میں پولیس نے فوری حفاظتی اقدامات کیے۔ انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی نے تمام افسران کو اپنے اپنے علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لینے اور کسی بھی ہنگامی واقعے پر فوری ردعمل دینے کی ہدایت کی، جبکہ تمام افسران کو صورتحال رپورٹس فوری جمع کروانے کا بھی حکم دیا گیا۔
ریسکیو 1122 راولپنڈی کے مطابق شہر میں کسی ہنگامی صورتحال یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ خیبرپختونخوا ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی نے بتایا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم تاحال عوام کی جانب سے کسی ایمرجنسی کال موصول نہیں ہوئی۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب بھر میں زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ لاہور، میانوالی، جھنگ، فیصل آباد، راولپنڈی، پوٹھوہار، سرگودھا اور دیگر اضلاع میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اتھارٹی کے مطابق متعلقہ ادارے سرکاری و عوامی عمارتوں کا معائنہ کر رہے ہیں جبکہ صوبائی کنٹرول روم اور ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24 گھنٹے فعال ہیں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی نقصان کی صورت میں ہیلپ لائن 1129 پر اطلاع دیں۔
واضح رہے کہ اسی روز افغانستان-تاجکستان سرحدی علاقے میں 5.5 شدت کا زلزلہ بھی ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ ماہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں 4.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ فروری میں بھی افغانستان کے ہندوکش علاقے میں 5.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے جھٹکے پاکستان کے مختلف شہروں میں محسوس کیے گئے تھے۔