
نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کا داتا دربار کا دورہ، توسیعی منصوبے کا جائزہ
Read Time:45 Second
لاہور، یورپ ٹوڈے: نائب وزیرِ اعظم محمد اسحاق ڈار نے اتوار کے روز داتا دربار کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال سیکرٹری اوقاف و چیف ایڈمنسٹریٹر پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کیا۔
دورے کے موقع پر ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان بھی نائب وزیرِ اعظم کے ہمراہ موجود تھے۔ نائب وزیرِ اعظم نے مزار شریف پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔
بعد ازاں انہوں نے داتا دربار کے توسیعی منصوبے کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے انہیں منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں آگاہ کیا۔
نائب وزیرِ اعظم نے منصوبے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کو بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ زائرین کو مزید بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔