
وزیرِ اعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر دوحہ پہنچ گئے، قطری قیادت سے اہم مذاکرات متوقع
دوحہ، یورپ ٹوڈے: وزیرِ اعظم شہباز شریف جمعرات کے روز اپنے تین ملکی دورے کے دوسرے مرحلے میں سرکاری دورے پردوحہ پہنچ گئے، جہاں وہ قطری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان کی جاری امن کوششوں پر تبادلۂ خیال کریں گے۔
وزیرِ اعظم جب اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ دوحہ ایئرپورٹ پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال قطر کے وزیرِ مملکت برائے امورِ خارجہ سلطان بن سعد المریخی نے کیا۔ اس موقع پر قطری مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیرِ اعظم اور ان کے وفد کو سلامی پیش کی۔
دوحہ ایئرپورٹ اور شہر کو پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا تھا جو دونوں برادر ممالک کے درمیان گرمجوش تعلقات کی عکاسی کر رہا تھا۔ اس سے قبل قطری فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی قطر ایئر فورس کے جنگی طیاروں نے وزیرِ اعظم کے خصوصی طیارے کو اسکورٹ کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پرتپاک اور شاندار استقبال پر قطری قیادت اور پائلٹس کا شکریہ ادا کیا۔
دورۂ دوحہ کے دوران وزیرِ اعظم، امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے دوطرفہ ملاقات کریں گے، جس میں خطے اور دنیا میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم کے ہمراہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور بین الاقوامی میڈیا کے لیے وزیرِ اعظم کے ترجمان مشرف زیدی بھی شامل ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف جدہ سے دوحہ پہنچے، جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور سعودی قیادت کے صبر و تحمل کو سراہتے ہوئے اسے امن پسند قوتوں کے لیے باعثِ تقویت قرار دیا۔
وزیرِ اعظم اپنے دورے کے اگلے مرحلے میں ترکیہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے اور عالمی رہنماؤں کے ساتھ لیڈرز پینل میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔