وجاہت وحید

بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک، میجر وجاہت وحید شہید

Read Time:1 Minute, 49 Second

راولپنڈی، یورپ ٹوڈے: بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ضلع گوادر کی تحصیل پسنی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بم دھماکے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید نے جامِ شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد اور ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں فتنہ الہندوستان کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی، جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ بنے ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اکتوبر 2026 کو سیکیورٹی فورسز نے قلات کے علاقے جٹک آباد میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا، جس کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ علاقے سے اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری تھا کہ اس دوران سیکیورٹی فورسز کے دستے کو دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں دستے کی قیادت کرنے والے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔

34 سالہ میجر وجاہت وحید کا تعلق لاہور سے تھا، جنہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری رہیں گے۔ ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن "عزمِ استحکام” کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
برطانیہ Previous post برطانیہ میں پبلک ٹرانسپورٹ پر اونچی آواز میں موسیقی چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 100 پاؤنڈ تک جرمانے کا اعلان