
یومِ عاشور: صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی بے مثال قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعۂ کربلا امتِ مسلمہ کے لیے ہمیشہ رہنے والا پیغام اور مشعلِ راہ ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ واقعۂ کربلا محض ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ ایک دائمی پیغام اور ایک زندہ درسگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ عاشور صبر، استقامت، ایثار، حق گوئی اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار رفقا کی عظیم قربانی نے یومِ عاشور کو تاریخِ اسلام میں دائمی اہمیت کا حامل بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے ثابت کیا کہ حق و صداقت کے لیے قربانی دینا باطل کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنے سے کہیں افضل ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ واقعۂ کربلا احیائے سنتِ نبوی ﷺ اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے عظیم مقصد کے لیے جدوجہد کا روشن استعارہ ہے۔