
آبادی میں تیز رفتار اضافہ قومی ترقی کے لیے بڑا چیلنج، وسائل اور آبادی میں توازن ناگزیر ہے: وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آبادی میں تیز رفتار اضافہ قومی وسائل پر مسلسل دباؤ بڑھا رہا ہے، اس لیے پائیدار ترقی کے لیے آبادی اور دستیاب وسائل کے درمیان توازن برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔
منگل کے روز آبادی بہبود سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری کے اہداف سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نیشنل پاپولیشن کونسل کا پہلا اجلاس جلد از جلد طلب کیا جائے اور اس کے مؤثر اور فعال کردار کے لیے کونسل کا تنظیمی ڈھانچہ فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ آبادی سے متعلق پالیسی سازی کو مؤثر بنایا جا سکے۔
اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ وہ خود نیشنل پاپولیشن کونسل کی سربراہی کریں گے، جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم، گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ اور دیگر متعلقہ شراکت دار شامل ہوں گے۔
اجلاس کے شرکاء کو ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی، آبادی پر قابو پانے اور عوامی بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کو خاندانی منصوبہ بندی کے اقدامات سے منسلک کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جبکہ خواتین کی تعلیم اور ان کی معاشی خودمختاری کو قومی آبادی حکمتِ عملی کا بنیادی ستون بنایا جائے گا۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ متوازن آبادی اور خاندانی منصوبہ بندی کے فروغ کے لیے ملک گیر عوامی آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔
شرکاء کو یہ بھی بتایا گیا کہ بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور ایران میں آبادی کے مؤثر انتظام کے کامیاب پروگرام نافذ کیے جا رہے ہیں، جن سے پاکستان بھی رہنمائی حاصل کر سکتا ہے۔
بریفنگ کے مطابق نیشنل پاپولیشن کونسل صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے ملک بھر میں آبادی بہبود کی مؤثر مہم پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل کا سیکریٹریٹ وزارتِ منصوبہ بندی میں قائم کیا جائے گا تاکہ کونسل کے انتظامی اور پالیسی امور کو مؤثر انداز میں چلایا جا سکے۔