
اسحاق ڈار کی ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس 2026 کی افتتاحی تقریب میں شرکت
شنگھائی، یورپ ٹوڈے: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کے روز چین کے شہر شنگھائی میں منعقد ہونے والی ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس (WAIC) 2026 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
نائب وزیراعظم اپنے دو روزہ سرکاری دورۂ چین کے دوران پاکستانی وفد کے ہمراہ تقریب میں شریک ہوئے۔ وہ یہ دورہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر کر رہے ہیں۔
کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے چین کے صدر شی جن پنگ نے خطاب کیا۔ یہ تقریب ایک روز قبل ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن (WAICO) کے باضابطہ قیام کے بعد منعقد ہوئی، جس کے بانی رکن ممالک، بشمول پاکستان، نے تنظیم کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
پاکستان نے اس موقع پر مصنوعی ذہانت کے شعبے میں جامع، شفاف اور منصفانہ عالمی طرزِ حکمرانی (گلوبل اے آئی گورننس) کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور ابھرتی ہوئی جدید ٹیکنالوجیز تک مساوی رسائی، ترقی پذیر ممالک کی استعداد کار میں اضافے اور ڈیجیٹل خلیج کو کم کرنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ مصنوعی ذہانت کے فوائد دنیا کے تمام ممالک اور عوام تک مساوی طور پر پہنچانے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں، علم و ٹیکنالوجی کے تبادلے اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کیا جانا چاہیے۔