
خضدار میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 10 دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ، یورپ ٹوڈے: سیکیورٹی فورسز نے خضدار کے پہاڑی علاقے شور پارد میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ متعدد کو زخمی کردیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق قابلِ اعتماد انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن شروع کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق دہشت گرد ’’فتنۃ الہندوستان‘‘ سے وابستہ تھے۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے متعدد دہشت گرد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بناتے ہوئے انہیں گھیرے میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق دہشت گرد تین چھوٹے گروپوں کی صورت میں موجود تھے، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں 10 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔ آپریشن کے بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش اور علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے لیے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مزید تیز کردیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔