
وزیراعظم شہباز شریف کی ڈیجیٹل اصلاحات تیز کرنے، سرکاری خدمات کو جدید بنانے کی ہدایت
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کو سرکاری خدمات تک آسان اور مؤثر رسائی فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے یہ ہدایت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) میں جاری اصلاحات اور اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر پر پیش رفت کے جائزے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔
وزیراعظم نے این آئی ٹی بی کو ہدایت کی کہ شہریوں کو آسان، مؤثر اور جدید ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ ڈیجیٹل خدمات بروقت، شفاف اور عوام کے لیے آسانی سے قابل رسائی بنائی جا سکیں۔
وزیراعظم نے وفاقی وزارتوں کی ای آفس نظام پر منتقلی کو اب تک کی اہم ترین اصلاحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام ماتحت محکموں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں بھی اس نظام کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے سرکاری اداروں میں ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید تیز کرنے اور تمام سرکاری املاک کے ریکارڈ کو جلد از جلد ڈیجیٹل شکل دینے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام تیز کیا جائے اور ٹیکنالوجی پارک کو ترجیحی بنیادوں پر فعال بنایا جائے۔ انہوں نے اس کے انتظامی امور مکمل طور پر آؤٹ سورس کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں رائٹ سائزنگ کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ اہم عہدوں پر شفاف طریقہ کار کے تحت تقرریاں کی گئی ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ تمام وفاقی وزارتیں پہلے ہی ای آفس نظام پر منتقل ہو چکی ہیں اور دیگر محکموں اور سرکاری اداروں میں بھی اس کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا عمل جاری ہے۔
وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔