
وزیراعظم شہباز شریف کا قلات اور گوادر میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرنے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے، جن کے نتیجے میں بھارت کی سرپرستی میں سرگرم چار دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
وزیراعظم نے پسنی میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے 34 سالہ میجر وجاہت وحید کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ میجر وجاہت وحید نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کی، پوری قوم کو اپنے اس بہادر سپوت پر فخر ہے۔
وزیراعظم نے شہید افسر کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا کرے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایپکس کمیٹی کے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔