
عرفات منہاس کی تباہ کن بولنگ، پاکستان نے انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے دی
راولپنڈی، یورپ ٹوڈے: پاکستان نے سہ فریقی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں عرفات منہاس کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے مقرر کردہ 303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 215 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ عرفات منہاس نے عمدہ بیٹنگ کے بعد گیند سے بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں اور ایک کھلاڑی کو رن آؤٹ بھی کیا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے۔
پاکستانی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور جارح مزاج اوپنر فخر زمان پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے، جبکہ صائم ایوب 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم نے 34، سعد بیگ نے 35 اور گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے سلمان علی آغا نے 16 رنز اسکور کیے۔ قومی ٹیم 133 رنز تک پہنچتے پہنچتے 5 وکٹیں گنوا چکی تھی۔
اس موقع پر حسن نواز نے 79 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ عرفات منہاس نے 59 اور فہیم اشرف نے 39 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اننگز کے اختتامی لمحات میں شاہین آفریدی نے 10 اور حارث رؤف نے 4 رنز بنائے، جس کی بدولت پاکستان 302 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔
انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ گس ایٹکنسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ول جیکس، جیمی اوورٹن، عادل رشید اور سیم کرن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے پراعتماد آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 91 رنز بنائے۔ حارث رؤف نے خطرناک دکھائی دینے والے بین ڈکٹ کو آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ ڈکٹ نے 45 رنز بنائے۔
بعد ازاں کپتان شاہین آفریدی نے بائیں ہاتھ کے اسپنر عرفات منہاس کو بولنگ پر متعارف کروایا، جنہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے انگلش بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔ عرفات منہاس نے 8.4 اوورز میں 40 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور ایک کھلاڑی کو رن آؤٹ بھی کیا، جس کے نتیجے میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 215 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے ٹام بیٹنگ 57 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ بین ڈکٹ نے 45، جو روٹ نے 33، سیم کرن نے 27، ول جیکس نے 19 اور جارڈن کوکس نے 18 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور نہ کرسکا۔
پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس کے علاوہ حارث رؤف نے 2 جبکہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ سے قبل ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان شاہین آفریدی نے کہا تھا کہ ٹیم پہلے میچ کی طرح اس مقابلے میں بھی بڑا مجموعہ ترتیب دینے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، سعد بیگ، حسن نواز، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، فہیم اشرف، کپتان شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل تھے۔
واضح رہے کہ سہ فریقی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو 306 رنز کا ہدف دیا تھا، جس کے جواب میں مہمان ٹیم 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔