
کسان کارڈ کے ذریعے پنجاب کے کاشتکار مالی خودمختاری کی جانب گامزن ہیں، مریم نواز
لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کسان کارڈ کے ذریعے صوبے کے کاشتکاروں کی زندگی میں مثبت تبدیلی آ رہی ہے اور اب پنجاب کا کاشتکار کسی آڑھتی کا مقروض نہیں رہے گا بلکہ باوقار انداز میں زندگی گزارے گا۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان کا خواب ہے کہ صوبے کے کاشتکار مالی خودمختاری اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوں۔
مریم نواز کے مطابق پنجاب بھر میں پہلی بار 8 لاکھ 32 ہزار سے زائد کاشتکاروں کو کسان کارڈ جاری کیے گئے ہیں، جنہوں نے مجموعی طور پر 2 ارب 54 کروڑ روپے کے قرضے استعمال کیے۔ انہوں نے بتایا کہ گندم کے سیزن کے دوران کاشتکاروں نے 100 ارب روپے سے زائد مالیت کی زرعی مداخل بھی خریدیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ 5 لاکھ 38 ہزار کاشتکاروں سے 67 ارب روپے قابلِ وصول ہیں جبکہ 86 فیصد ریکوری کا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 57 ارب روپے کی اقساط بروقت ادا کیں۔
انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے خریف کی فصل کے لیے 90 ارب روپے کی زرعی مداخل فراہم کی جا چکی ہیں جبکہ 3 لاکھ کاشتکار 30 ارب روپے کی زرعی سہولیات اس کارڈ کے ذریعے حاصل کر چکے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ کاشتکار برادری نے زرعی قرضوں کی بروقت ادائیگی کر کے ایک شاندار مثال قائم کی ہے، جو صوبے میں زرعی شعبے کی بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔