
بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کے دورے کی اجازت بھارت کو دینی ہے، ایس سی او اجلاس میں شرکت کا فیصلہ مشاورت کے بعد ہو گا: ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے اردو: پاکستان نے کہا ہے کہ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کے دورۂ پاکستان کی اجازت بھارتی حکومت نے دینی ہے، جبکہ بھارت کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کا دعوت نامہ موصول ہو گیا ہے اور اس میں شرکت کا فیصلہ قیادت ادارہ جاتی مشاورت کے بعد کرے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے سیکریٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود جلد ریاض میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ایران امریکا تنازع پر پاکستان کا ثالثی کردار
ترجمان نے کہا کہ ایران امریکا تنازع میں پاکستان نے ایک مخلص ثالث کی حیثیت سے سہولت کاری فراہم کی اور 47 برس سے ایک دوسرے سے بات چیت نہ کرنے والے دو ممالک کو ایک چھت تلے مذاکرات کی میز پر بٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، کیونکہ علاقائی امن نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے اور اس سے باہر کے ممالک کے بھی مفاد میں ہے۔
بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کا دورہ اور سکھ یاتریوں کے ویزے
بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کی جانب سے پاکستان کے دورے کی خواہش سے متعلق سوال کے جواب میں سجاد حیدر خان نے کہا کہ اس دورے کی اجازت بھارتی حکومت نے دینی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے بھارتی شہریوں کے ویزے نہیں روک رکھے، اور رواں برس کے پہلے چھ ماہ میں مزید 4 ہزار سکھ یاتریوں کو پاکستانی ویزے جاری کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق 2025 میں پاکستان نے بھارتی یاتریوں کو 9 ہزار 318 ویزے جاری کیے، جبکہ 9 ہزار سکھ اور 248 ہندو یاتریوں نے پاکستان کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2025 کے بعد سے بھارت نے کرتارپور راہداری کے ذریعے یاتریوں کی آمد و رفت معطل کر رکھی ہے، تاہم بھارت کی جانب سے پابندیاں ختم ہوتے ہی پاکستان سکھ یاتریوں کے استقبال اور سہولت کاری کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے لیے سکھ یاتریوں کے استقبال کا منتظر ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کا دعوت نامہ
ترجمان نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔ اجلاس 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں شیڈول ہے، اور اس میں شرکت کا فیصلہ قیادت ادارہ جاتی مشاورت کے بعد کرے گی۔
روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق پاکستانی قرارداد منظور
سجاد حیدر خان نے آگاہ کیا کہ روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق پاکستان کی قرارداد 180 ووٹوں سے منظور کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قرارداد تحمل، توازن اور مذاکرات پر زور دیتی ہے اور اس کا مقصد علاقائی تنازعات کے خطرات کو کم کرنا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ صرف دو ممالک، بھارت اور اسرائیل، نے قرارداد کی مخالفت کی، جو ان ممالک کی پالیسیوں کے بارے میں بہت کچھ بتاتی ہے۔ ان کے مطابق ان دونوں ممالک کے منفی ووٹ بین الاقوامی امن و استحکام سے متعلق ان کے وعدوں کی سنجیدگی پر سنگین سوالات اٹھاتے ہیں اور علاقائی عدم استحکام کے بنیادی محرک ذہنیت کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔