
ایران نے جنگ بندی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، خطے میں امن کیلئے سفارتی روابط تیز
اسلام آباد،یورپ ٹوڈے: ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے جنگ بندی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنے قومی مفادات اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
دریں اثنا امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے تناظر میں اہم سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتحال اور امن کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے خطے میں امن و استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور جوائنٹ سیکرٹری سلمان شریف بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترکیہ اور کرغزستان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رہنماؤں نے علاقائی استحکام کے لیے کثیرالجہتی سفارتکاری اور مسلسل رابطوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اسی سلسلے میں اسحاق ڈار سے برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، جبکہ اسحاق ڈار نے تنازعات کے پرامن حل کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان کے سہولت کار کردار کو سراہتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
حالیہ سفارتی سرگرمیاں اس امر کی عکاسی کرتی ہیں کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔