
صدر مملکت اور وزیراعظم کا بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں آپریشن ردالفساد III کے تحت کامیاب انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشنز میں بھارت کے سرپرستی یافتہ فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ایوانِ صدر اور وزیراعظم آفس سے جاری علیحدہ علیحدہ بیانات کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں میں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات، بہادری اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے غیرمتزلزل عزم، جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور اس کے سہولت کار پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے دشمن ہیں، جن کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔
صدر مملکت نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاست کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ملک کی جغرافیائی سالمیت اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے خدمات انجام دینے والی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں شہادت کا عظیم رتبہ پانے والے اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ صدر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کے ہر خطے کو امن و استحکام سے مالامال کرے اور سکیورٹی فورسز کو ہر محاذ پر کامیابی عطا فرمائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی واشک اور مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان آپریشنز میں 12 دہشت گردوں کا خاتمہ فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، جبکہ حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ کوشاں ہے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں پر پوری قوم کی جانب سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک بھر میں مکمل امن اور استحکام کی بحالی تک دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رکھی جائے گی۔