بنوں

بنوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، خودکش حملے کے مرکزی سہولت کار سمیت دو خوارج ہلاک

Read Time:1 Minute, 17 Second

بنوں، یورپ ٹوڈے: سیکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران خودکش حملے کے مرکزی سہولت کار سمیت دو خوارج کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو خوارج مارے گئے، جن میں خوارجی رنگ لیڈر وحید اللّٰہ عرف مختیار اور ایک خودکش بمبار شامل ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک خوارج کے قبضے سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق وحید اللّٰہ عرف مختیار دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا اور انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا۔ وہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کی شہادتوں میں بھی ملوث رہا۔

مزید بتایا گیا کہ وہ 21 فروری 2026ء کو بنوں میں ہونے والے خودکش حملے کا مرکزی سہولت کار تھا، جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس کامیاب آپریشن کے ذریعے اس گھناؤنے فعل کا بدلہ لے لیا گیا اور مرکزی مجرم کو انجام تک پہنچا دیا گیا، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے ایک بڑے سانحے کو بھی ناکام بنایا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اور سیکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
اقوامِ متحدہ Previous post اقوامِ متحدہ کے پلیٹ فارم پر پائیدار ترقی اور علاقائی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور: صدر الہام علییف
اقوامِ متحدہ Next post اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی افریقی نمائندگی بڑھانے کی حمایت، سلامتی کونسل اصلاحات پر اصولی مؤقف کا اعادہ