
اسحاق ڈار اور سرگئی لاوروف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کے روز روسی فیڈریشن کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔
سرکاری بیان کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی روابط کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے مجوزہ دورۂ روس کو باہمی سہولت کے مطابق جلد از جلد نئی تاریخ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے سرگئی لاوروف کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون سمیت بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
سرگئی لاوروف نے ایران اور امریکہ کے درمیان مکالمے میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تمام مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کے فروغ میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق بھی کیا۔