
امریکا۔ایران مفاہمت آخری مرحلے میں داخل، الیکٹرانک دستخطی تقریب کل ہوگی: دفتر خارجہ
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات آخری مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں اور مفاہمتی عمل کی الیکٹرانک دستخطی تقریب کل منعقد ہوگی۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے امریکا۔ایران مفاہمت کو خطے کے امن و استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
بیان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے مذاکراتی عمل میں پاکستان کی سفارتی کاوشوں اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے رواں ماہ کے آخر میں مصر میں منعقد ہونے والے علاقائی چار ملکی وزرائے خارجہ (آر-4) اجلاس سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے امریکا۔ایران مفاہمت کے نتیجے میں خطے میں پائیدار امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کی امید کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ سفارت کاری اور مذاکرات ہی علاقائی تنازعات کے پائیدار حل اور امن کے قیام کا مؤثر ذریعہ ہیں۔