سعودی

سعودی عرب کا فلسطین کے دو ریاستی حل کیلئے بین الاقوامی اتحاد کا قیام، پہلا اجلاس ریاض میں ہوگا: وزیر خارجہ فیصل بن فرحان

نیو یارک، یورپ ٹوڈے: سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب فلسطین کے دو ریاستی حل کے اپنے مؤقف پر قائم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ایک بین الاقوامی اتحاد تشکیل دے رہا ہے، جس کا پہلا اجلاس جلد ریاض میں منعقد ہوگا۔

یہ اعلان سعودی وزیر خارجہ نے نیویارک میں متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج عرب اسلامی اقوام اور یورپی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ہم فلسطین کے دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے بین الاقوامی اتحاد کے قیام کا اعلان کرتے ہیں اور تمام ممالک کو اس میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں۔

فیصل بن فرحان نے غزہ میں جاری انسانی بحران اور مغربی کنارے میں اسرائیلی افواج کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کو فلسطین پر قبضے اور پرتشدد انتہا پسندی کی ایک منظم پالیسی کا حصہ قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل حق دفاع کے نام پر شہریوں کے قتل عام، منظم تباہی، جبری نقل مکانی، فاقہ کشی کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کرنے اور جنسی تشدد کو کسی بھی صورت میں درست قرار نہیں دے سکتا۔

سعودی وزیر خارجہ نے اتحاد کی تفصیلات پر روشنی تو نہیں ڈالی، لیکن اس کے قیام کا واضح اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پہلا اجلاس سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جلد منعقد ہوگا۔

پرابوو سبیانتو Previous post نومنتخب انڈونیشین صدر پرابوو سبیانتو فلسطین کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے: نائب اسپیکر ایم پی آر ہدایات نور واحد
غزہ Next post غزہ میں جاری مظالم کی مذمت کافی نہیں، بربریت کو فوری طور پر روکنا ہوگا: وزیراعظم شہباز شریف کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب