
وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ریلیف اسکیم ملک بھر میں کامیابی سے نافذ، پٹرول 100 روپے فی لیٹر رعایتی نرخ پر فراہم
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ریلیف اسکیم ملک بھر میں کامیابی سے نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت مستحق افراد کو پٹرول 100 روپے فی لیٹر رعایتی نرخ پر فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف ذاتی طور پر ریلیف اسکیم کے تمام پہلوؤں کی نگرانی کر رہے ہیں اور انہوں نے اسکیم کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ مستحق افراد کو پٹرول کی رعایت باوقار، آسان اور بلا رکاوٹ طریقے سے فراہم کی جائے۔
ملک بھر سے موصول ہونے والی آراء کی روشنی میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسکیم سے مستفید ہونے والوں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشہ مالکان جو پانچ لیٹر سے کم پٹرول خریدتے ہیں، انہیں بھی ایک ہفتے کے دوران ایک ٹوکن کے عوض 500 روپے کی رعایت دی جائے گی۔ ہر ہفتے ایک ٹوکن جاری کیا جائے گا اور ایک ماہ میں مجموعی طور پر چار ٹوکن فراہم کیے جائیں گے۔
800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کو سابقہ فیصلے کے مطابق ہر 10 دن بعد 10 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت بدستور ملتی رہے گی۔ اس طرح ایک ماہ میں 10 لیٹر پٹرول کے لیے تین ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ اسکیم سے مستفید ہونے کے اہل افراد کو رجسٹریشن کے پیغامات مکمل طور پر مفت بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے 20 سال پرانی موٹر سائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو بھی فیول ریلیف اسکیم میں شامل کرنے کی ہدایت کی تھی، جس پر عملدرآمد بھی کر دیا گیا ہے۔
اب یکم جنوری 2006 یا اس کے بعد رجسٹرڈ تمام موٹر سائیکلیں، رکشے اور چنگ چی رکشے وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم کے تحت رجسٹریشن کے اہل ہیں۔