عالمی یومِ آزادیِ صحافت: وزیرِ اعظم شہباز شریف کا صحافی برادری کے کردار کو خراجِ تحسین، ذمہ دارانہ صحافت پر زور
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ آزادیِ صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے صحافیوں، کالم نویسوں، رپورٹرز، مدیران اور براڈکاسٹنگ سے وابستہ تمام افراد کی بے لوث خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافت سے وابستہ افراد کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی ایک باخبر اور باشعور معاشرے کی ضمانت ہے۔ ان کے مطابق مستند، غیر جانبدار اور تعصب سے پاک خبروں کی بروقت اشاعت و نشریات ہی اصل صحافت کی بنیاد ہے۔
وزیرِ اعظم نے اس امر پر زور دیا کہ پروپیگنڈہ، فیک نیوز اور غیر مستند و غیر تصدیق شدہ معلومات کی ترسیل کو روکنا ہر صحافی کی پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے، جبکہ صحافی نہ صرف پیشہ ورانہ اقدار بلکہ سماجی اقدار کے بھی امین ہیں۔
اپنے پیغام میں انہوں نے بتایا کہ اس سال عالمی یومِ آزادیِ صحافت “پرامن مستقبل کی تشکیل” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو موجودہ دور کی ضروریات کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران باوقار، محفوظ اور سازگار ماحول کے حقدار ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ عصرِ حاضر میں امن و امان کا قیام صرف سفارت کاری سے ممکن نہیں بلکہ مستند معلومات، ذمہ دارانہ صحافت اور عوامی رائے اس میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تعلقات اور ممالک کے درمیان سفارتی، معاشی و سماجی روابط کو مثبت اور مؤثر بنانے میں میڈیا تعمیری کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ درست نقطۂ نظر کی ترجمانی کئی پیچیدہ مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
اپنے پیغام کے آخر میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو اختلافِ رائے سے لے کر کشیدگی کے دیرپا حل تک مکالمے اور مذاکرات کو ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان خطے میں امن کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور سفارتی کوششوں کے ذریعے مثبت کردار ادا کر رہا ہے، جسے عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ قومی میڈیا نے نہ صرف سفارتی محاذ بلکہ مختلف قومی مواقع، خصوصاً معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کے دوران بھی ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، عوام کو بروقت آگاہ رکھا اور غلط معلومات کے تدارک میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران قومی یکجہتی اور مسلح افواج کی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ذمہ دار میڈیا نے بھی پاکستان کے مؤقف کو واضح اور مؤثر انداز میں پیش کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔