
صبا قمر کا ساتھی اداکار سے محبت ہوجانے کا اعتراف
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ صبا قمر نے انکشاف کیا ہے کہ تقریباً چار سال قبل ایک فلم میں کام کے دوران انہیں اپنے ساتھی اداکار سے محبت ہوگئی تھی، تاہم وہ اس اداکار کا نام ظاہر کرنے سے گریزاں رہیں۔
صبا قمر ان دنوں برطانیہ میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے ایک فلاحی تقریب اور مداحوں سے ملاقات کے پروگرام میں شرکت کے دوران اپنی نجی زندگی سے متعلق یہ واقعہ بیان کیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ فلم میں اپنے ساتھی اداکار کے ساتھ کام کرتے ہوئے انہیں اس سے جذباتی وابستگی محسوس ہونے لگی اور انہیں خود بھی معلوم نہیں ہوا کہ کب وہ اس کے لیے جذبات پیدا کر بیٹھیں۔ ان کے مطابق یہ سب کچھ غیر ارادی طور پر ہوا۔
صبا قمر نے ساتھی اداکار کا نام بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب شادی شدہ ہیں، اس لیے ان کا نام ظاہر کرنا مناسب نہیں ہوگا، کیونکہ اس صورت میں ان کی اہلیہ اپنے شوہر سے اس بارے میں سوال کرسکتی ہیں۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے یہ بات اپنی بھانجی سے بھی شیئر کی، جس نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اس شخص کو بھول کر اپنی زندگی میں آگے بڑھیں۔ بھانجی نے یہ بھی کہا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران جنگل میں ایک ساتھ کام کرنے کے باعث ممکن ہے کہ یہ وقتی جذبات ہوں۔