
پیرس کے جنوب میں جنگلاتی آگ، 1,300 ہیکٹر سے زائد رقبہ جل گیا، ایک ہزار افراد محفوظ مقام پر منتقل
پیرس: فرانس کے دارالحکومت پیرس کے جنوب میں واقع تاریخی فونٹین بلو (Fontainebleau) کے جنگلات میں لگنے والی دو بڑی آگ پر قابو پانے کے لیے پیر کے روز بھی امدادی کارروائیاں جاری رہیں، جبکہ آگ سے مجموعی طور پر 1,300 ہیکٹر سے زائد رقبہ متاثر ہو چکا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق پہلی آگ اتوار کے روز فونٹین بلو کے وسیع جنگل میں بھڑکی، جو ماضی میں شاہی شکار گاہ کے طور پر استعمال ہوتا تھا اور آج یونیسکو کے بایوسفیئر ریزرو کا حصہ ہے۔ یہ علاقہ پیرس سے تقریباً 60 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔
شدید گرمی کی تازہ لہر کے دوران شمالی فرانس میں نسبتاً غیر معمولی سمجھی جانے والی یہ جنگلاتی آگ تیزی سے پھیل گئی، جس کے باعث طویل تعطیلات کے دوران ریل اور شاہراہوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔
آگ پر قابو پانے کے لیے فضائی جہازوں اور زمینی فائر فائٹرز نے دن بھر بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں، تاہم دوپہر تک آگ تقریباً 1,200 ہیکٹر رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی تھی۔
فرانس کے وزیر داخلہ لوراں نونیز نے بتایا کہ پیر کی دوپہر ایک دوسری جنگلاتی آگ بھی بھڑک اٹھی، جس نے مزید تقریباً 100 ہیکٹر رقبہ جلا دیا۔
حکام کے مطابق فونٹین بلو اور اس کے گردونواح سے احتیاطی تدابیر کے تحت تقریباً ایک ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ آگ پر مکمل قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔