
انڈونیشیا میں 7.7 شدت کا زلزلہ، 20 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
جکارتہ، یورپ ٹوڈے: مشرقی انڈونیشیا کے ساحلی علاقے میں ہفتہ کی صبح 7.7 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، جبکہ زلزلے کے بعد معمولی سونامی لہریں ریکارڈ کیے جانے پر عارضی طور پر سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق زلزلہ فلوریس کے علاقے میں آیا، جس کے بعد درجنوں آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔ انڈونیشیا کے مختلف علاقوں میں ایک میٹر سے کم بلند سونامی لہریں ریکارڈ کی گئیں، جس کے باعث حکام نے شہریوں کو خبردار کیا، تاہم تقریباً تین گھنٹے بعد سونامی وارننگ واپس لے لی گئی۔
حکام کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں فلوریس جزیرے کے سکّا ریجنسی کے مرکزی شہر ماؤمیرے اور اس کے گردونواح میں ہوئیں۔ مقامی ریسکیو ادارے نے بتایا کہ امدادی ٹیموں نے 20 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں، جبکہ چھ افراد زخمی ہوئے اور دو افراد تاحال ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں۔
زلزلے کے مرکز کے قریب واقع علاقے ناگیکیو تک لینڈ سلائیڈنگ اور مواصلاتی نظام میں خلل کے باعث رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ آبادیوں تک پہنچنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انڈونیشیا کی جیو فزکس ایجنسی کے مطابق ابتدائی زلزلہ تقریباً 15 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ مشرقی اور مغربی نوسا تنگارا سمیت جنوبی سولاویسی کے بعض علاقوں میں بھی شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے باعث گھروں، سرکاری عمارتوں اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر اور ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔
انڈونیشیا بحرالکاہل کے ’رِنگ آف فائر‘ میں واقع ہے، جو دنیا کے سب سے زیادہ فعال زلزلہ خیز علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس خطے میں متعدد ٹیکٹونک پلیٹیں آپس میں ملتی ہیں، جس کے باعث یہاں زلزلے اور آتش فشانی سرگرمیاں معمول کا حصہ ہیں۔