
وزیراعظم شہباز شریف کا شمالی وزیرستان میں 7 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائی کے دوران 7 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور قومی عزم کی عکاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا، جو قابلِ تحسین اقدام ہے۔
وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ملک کے امن و سلامتی کی ضمانت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ تمام دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر کرتی ہے۔