
پاکستان کو ایران، امریکہ مذاکرات میں پیشرفت کی امید، دہشت گردی کے خلاف مؤثر عالمی حکمت عملی پر زور
نیویارک، یورپ ٹوڈے: پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ آنے والے دنوں میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات میں مزید بامقصد پیشرفت ہوگی، جبکہ عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ایک مضبوط اور مؤثر کثیرالجہتی حکمت عملی اختیار کی جائے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے بحرین کی درخواست پر بلائے گئے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad MoU) پر عمل درآمد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ اپنے سفارتی رابطوں کو مزید تیز کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی لانے، مذاکرات کو آگے بڑھانے اور اعتماد سازی کے اقدامات کو فروغ دینے کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
عاصم افتخار احمد نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری مذاکرات میں آئندہ دنوں میں مزید مثبت پیشرفت ہوگی، جو خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے سودمند ثابت ہوگی۔
دریں اثنا، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے 96ویں مکمل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے عالمی برادری سے دہشت گردی کے خلاف مربوط اور مؤثر کثیرالجہتی حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان انسداد دہشت گردی کی عالمی کوششوں میں ہمیشہ صفِ اول میں رہا ہے اور گزشتہ برسوں کے دوران القاعدہ سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کامیاب کارروائیوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
پاکستانی مندوب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے، علاقائی امن کے فروغ اور بین الاقوامی تعاون کے استحکام کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔