
وزیراعظم شہباز شریف کا شمالی وزیرستان میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
Read Time:39 Second
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے خلاف بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور ملک میں پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔