
کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ، 14 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
کوئٹہ، یورپ ٹوڈے: چمن پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے ٹرین، متعدد گاڑیوں اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند کے مطابق جاں بحق افراد میں ایف سی کے 3 اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والی خواتین اور بچوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا۔
شاہد رند کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے اور تحقیقات کا عمل شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے باعث کم از کم 10 گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ اطراف کی بعض عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو طلب کرلیا گیا ہے تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔
ریلوے حکام کے مطابق دھماکے کے بعد پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے۔