
پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفارتی رابطہ، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں پاکستان کے کردار کو سراہا گیا
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانیہ کی وزیر خارجہ یویٹ کوپر نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی رابطوں کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن، مذاکرات اور تعمیری سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے اور خطے سمیت عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔